میٹا نے ٹک ٹاک کی مقبولیت کا مقابلہ کرنے کیلئے نیا پروگرام متعارف کروا دیا۔
میٹا کے نئے پروگرام کے تحت کونٹینٹ کری ایٹرز کو ماہانہ 10 سے 50 ہزار ڈالرز تک کا بونس دیا جائے گا۔ تاہم اس بونس کی وصولی کی شرط یہ ہوگی کہ یہ کری ایٹرز اپنی ویڈیوز سب سے پہلے انسٹاگرام ریلز پر پوسٹ کریں اور کسی دوسرے پلیٹ فارم جیسے ٹک ٹاک پر پوسٹ کرنے سے پہلے انسٹاگرام کو ترجیح دیں۔
اس پروگرام کا مقصد انسٹاگرام کو ٹک ٹاک کے مقابلے پر کھڑا کرنا ہے۔ واضح رہے کہ پہلے بھی میٹا اپنے مختلف پلیٹ فارمز پر صارفین کو اپنی جانب متوجہ کرنے کے لیے مالیاتی مراعات پیش کر چکا ہےمگر یہ مراعات اکثر عارضی ثابت ہوئی ہیں۔
مثلاً ریلز پلے بونس پروگرام کو ختم کردیا گیا تھا، جو ٹک ٹاک کے کری ایٹر فنڈ پروگرام سے ملتا جلتا تھا۔نئے پروگرام کے تحت دی جانے والی مالی مراعات بھی طویل عرصے تک جاری رہنے کا امکان نہیں اور یہ میٹا کا ٹک ٹاک کے صارفین کو اپنی جانب راغب کرنے کا واحد قدم نہیں ہے۔
حالیہ دنوں میں انسٹاگرام میں کئی تبدیلیاں کی گئی ہیں، جیسے کہ ریلز ویڈیوز کے لیے چوکور گریڈ کو ریکٹ اینگل ڈیزائن میں تبدیل کرنا اور ایک نئی ویڈیو ایڈیٹنگ ایپ ایڈٹس متعارف کرانا، جو ٹک ٹاک کی کیپ کٹ ایپ کا مقابلہ کرے گی۔
اس کے علاوہ انسٹاگرام نے ریلز ویڈیوز کے دورانیے کو 90 سیکنڈ سے بڑھا کر 3 منٹ کر دیا ہے۔میٹا کو یہ امید تھی کہ امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی انسٹاگرام کے صارفین کی تعداد میں اضافہ کرے گی لیکن ٹک ٹاک ایک دن کے اندر ہی دوبارہ بحال ہو گیا۔
البتہ ٹک ٹاک اب بھی امریکا میں ایپ اسٹورز سے ڈاؤن لوڈ کے لیے دستیاب نہیں ہے۔