توشہ خانہ ٹو کیس، عمران خان، بشریٰ بی بی کی بریت درخواستوں پرفریقین کو نوٹس جاری

توشہ خانہ ٹو کیس، عمران خان، بشریٰ بی بی کی بریت درخواستوں پرفریقین کو نوٹس جاری

اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر سماعت میں فریقین کو نوٹس جاری کردیا ۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں  نئے تعینات ہونے والے ایڈیشنل جج جسٹس راجا انعام امین منہاس نے سماعت کی ، وکیل سلمان صفدر نے کہاکہ پراسیکیوشن کا کیس ہے کہ تحفہ وصول کیا، تخمینہ کیلئے دیا، ضمانت کی 2درخواستوں کے احکامات بھی لگے ہوئے ہیں،وکیل درخواست گزار سلمان صفدر نے توشہ خانہ رولز پڑھے۔

دوران سماعت وکیل نے استدعا کی کہ ٹرائل کورٹ کو کارروائی روکنے کا بھی حکم دیا جائے،جس پر عدالت نے کہا کہ ٹرائل کورٹ میں فرد جرم عائد ہو چکی، گواہان کے بیانات ہو رہے ہیں،نوٹس جاری کرکے دیگر فریقین سے جواب مانگ لیتے ہیں۔

جسٹس انعام امین نے کہاکہ اس میں نوٹس کرتے ہیں، لمبی تاریخ نہیں دیں گے،  دوسری پارٹی کو بھی سن لیتے ہیں پھر دیکھتے ہیں،عدالت نے کہاکہ ٹرائل کورٹ کو کارروائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کرسکتے ہیں،وکیل سلمان صفدر نے کہاکہ ٹرائل تیزی سے چل رہا ہے، جب بلائیں گے ہم پیش ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کا نیا پرومو ریلیز کردیا

عدالت نے کہاکہ پہلے دوسرے فریق کو سن لیں پھر ہی کچھ کر سکتے ہیں، وکیل سلمان صفدر نے کیس دوسرے بنچ کو بھیجنے کی بھی استدعاکی ۔

وکیل نے کہاکہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اس کیس سے متعلق 5درخواستیں سن چکے ہیں،مناسب ہوگا بریت کی درخواستیں بھی اسی عدالت میں بھیج دی جائیں۔

جسٹس انعام امین نے کہاکہ وہ ضمانت کی درخواستیں تھیں یہ الگ معاملہ ہے،یہ عدالت کیس سنے گی، آپ میرٹس پر دلائل دیں،عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے ایف آئی اے سے جواب طلب کرلیا اور سماعت28جنوری تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ان درخواستوں پر سماعت کی تھی، عدالت نے اعتراضات دور کر کے درخواستوں کو سماعت کےلیے مقرر کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اس سے قبل 13 جنوری کو توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے بریت کی درخواستیں خارج کرنے کے اسلام آباد کے اسپیشل جج سینٹرل کے فیصلے کو چیلنج کر دیا تھا۔

کیس کا پس منظر

یاد رہے کہ 12 ستمبر 2024 کو توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اےکی تین رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی تھی۔

نیب ترامیم کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل کردیا تھا۔

قبل ازیں، عدالت نے توشہ خانہ 2 ریفرنس کا ریکارڈ اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت کو منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔

 13جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔

نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *