ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے ہر شعبے کو متاثر کیا ہے اور موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں بھی غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اس صورتحال کے پیش نظر مختلف کمپنیوں نے بینکوں کے ذریعے اقساط پر موٹرسائیکلوں کی فراہمی کے منصوبے پیش کیے ہیں تاکہ عوام کو مالی طور پر سہولت فراہم کی جا سکے۔
ہونڈا موٹرسائیکلوں کو قابل اعتماد اور پائیدار تصور کیا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ یہ صارفین میں خاصی مقبول ہیں۔ خاص طور پر ہونڈا سی ڈی 70 اور دیگر ماڈلز اپنی ایندھن کی بچت کی خصوصیات کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں، جو موجودہ بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتوں کے دور میں ایک بہترین انتخاب ثابت ہو رہے ہیں۔
ہونڈا نے میزن بینک کے اشتراک سے اقساط پر موٹرسائیکلوں کی فراہمی کا ایک منصوبہ پیش کیا ہے۔ اس منصوبے میں پراسیسنگ فیس اور دیگر اضافی چارجز بھی شامل ہیں، جو صارفین کو ان موٹرسائیکلوں کو آسان اقساط پر خریدنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
ہونڈا سی ڈی 70 کی موجودہ قیمت ایک لاکھ 57 ہزار 900 روپے ہے اور اگر اسے اقساط پر خریدا جائے تو 41 ہزار 275 روپے ایڈوانس ادا کرنا ہوگا جبکہ 36 ماہ کی مدت میں 5 ہزار 357 روپے ماہانہ قسط ہوگی۔
دوسری جانب ہونڈا سی جی 125 کی موجودہ قیمت 2 لاکھ 34 ہزار روپے ہے، جسے اقساط پر حاصل کرنے کے لیے 72 ہزار 270 روپے ایڈوانس ادا کرنا ہوگا اور 36 ماہ کے لیے 7 ہزار 438 روپے ماہانہ قسط ہوگی۔