پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع ژوب میں دہشتگردی کی کارروائی میں ملوث ایک افغان شہری کو سیکیورٹی فورسز نے ہلاک کر دیا۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت محمد خان احمد خیل کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق افغانستان کے صوبہ پکتیکا سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ہلاک افغان شہری کی لاش تمام قانونی کارروائی کے بعد 20 جنوری کو افغانستان کے حوالے کر دی گئی۔ یہ واقعہ پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کا واضح ثبوت ہے۔ آئی ایس پی آر نے امید ظاہر کی کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائے گی کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے۔
پاکستانی حکام نے زور دیا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین بہتر تعلقات کے لیے ضروری ہے کہ دہشتگردی کے خلاف مشترکہ اقدامات کیے جائیں۔