مصباح الحق نے قومی ٹیم کی کپتانی سے متعلق پی سی بی کے فیصلوں پر تنقید کردی

مصباح الحق نے قومی ٹیم کی کپتانی سے متعلق پی سی بی کے فیصلوں پر تنقید کردی

 

قومی ٹیم کے سابق کپتان و ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کپتان کو جس طرح تبدیل کیا جاتا ہے اس کا اثر پوری ٹیم پر پڑتا ہے۔
بچوں کے دل کے پہلے ہسپتال کیلئے فنڈریزنگ کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس کی میزبانی کے فرائض ’پاکستان چلڈرنزہارٹ فیڈریشن ‘کے روح و رواں مصباح الحق اور سی ای او فرحان احمد نے کی۔ تقریب میں وقار یونس، عبدالرزاق ، اظہر علی ، وہاب ریاض، محمد حفیظ ، عمر اکمل ، مشتاق احمد اور کامران اکمل شریک تھے۔
تقریب سے خطاب کے دوران قومی ٹیم کی کپتانی کا ذکر ہواتو مصباح الحق نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بابراعظم کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ غلط تھا لیکن شاہین شاہ آفریدی کو بھی محض ایک سیریز کے بعد کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ بھی غلط ہے۔کپتان کی اس طرح تبدیلی پوری ٹیم کیلئے ناگوار ہوتی ہے۔کپتان کے تبدیل ہونے کا اثر تما م کھلاڑیوں پر پڑتا ہے۔کوچز کیلئے جو بھی فیصلہ ہے وہ سوچ سمجھ کر کرنا چاہئے۔اپنی ٹیم کو دیکھیں کہ ان کے لئے کونسا کوچ بہترین ہے، غیر ملکی یا ملکی کوچ وقتی طور پر نہیں ہونا چاہیے، آپکو لگے آپکی ٹیم کو آگے لے کر چل سکتا ہے تو غیر ملکی یا ملکی کوچ رکھ لیں، اگر دونوں ملکر بھی کام کرینگے تو ٹیم کی بہتری ہوگی۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لئے قومی ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان 8 اپریل کو متوقع ہے۔پاکستان کا اسکواڈ 17 یا 18 رکنی ہونے کا امکان ہے اور ممکنہ طور پر سکواڈ کی سلیکشن کے لیے سلیکٹرز کی میٹنگ 7 اپریل کو ہوگی۔ ہوم سیریز کی وجہ سے قومی سلیکشن کمیٹی کا زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ قومی سلیکشن کمیٹی نے روایتی 15 رکنی اسکواڈ کی بجائے اضافی کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سلیکشن کمیٹی میں وہاب ریاض ، محمد یوسف، اسد شفیق، عبد الرزاق ، بلال افضل، حسن چیمہ اور عثمان واہلہ شامل ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 18 اپریل سے شروع ہوگی، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 12 اپریل کو پاکستان کے لیے روانہ ہوگی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *