حافظ نعیم الرحمان کو جماعت اسلامی کا مرکزی امیر منتخب کر لیا گیا۔
مرکزی امیر کے انتخاب کیلئے جماعت اسلامی کے صدر انتخابی کمیشن نے رہنمائی کیلئے تین ناموں کا اعلان کیا تھا۔ان میں سراج الحق، لیاقت بلوچ اور حافظ نعیم الرحمان کا نام شامل تھا۔ نئے امیر جماعت اسلامی کی مدت 2024تا 2029اپریل تک ہوگی۔ امیر جماعت اسلامی کا ہر 5 سال بعد انتخاب دستوی تقاضا ہے۔ ملک بھر میں 46ہزار اراکین نے اپنا ووٹ خفیہ بیلٹ کے ذریعے کاسٹ کیا۔
صدر انتخابی کمیشن راشد نسیم نے نتائج کا اعلان کیا۔نتائج کے مطابق حافظ نعیم الرحمان کو 80فیصد سے زائد ووٹ ملے ۔ سراج الحق نے اپنی دوسری مدت امارت 8اپریل کو پوری کر رہے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمٰن جماعت اسلامی کے چھٹے امیرہوں گے۔ جماعت اسلامی کے بانی امیر مولانا سید ابواعلیٰ مودودی تھے، اس کے بعد میاں طفیل محمد، قاضی حسین احمد ، سید منور حسن اور سراج الحق جماعت اسلامی کے امیر رہے۔حافظ نعیم الرحمان اس سے قبل جماعت اسلامی کراچی کے امیر تھے۔ وہ کراچی میں فعال رہے ہیں تاہم اب وہ منصورہ لاہور کو اپنا مرکز بنائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان کون ہیں؟
یکم دسمبر1972 میں حیدر آباد کے ایک مڈل کلاس خاندان میں آنکھ کھولنے والے حافظ نعیم الرحمان نے پرائمری تعلیم نور اسلام اسکول لطیف آباد اور سیکنڈری کی تعلیم علامہ اقبال اسکول لطیف آباد سے مکمل کی۔1989 میں میٹرک کرنے کے بعد کراچی آگئے اور 1991 میں گورنمنٹ کالج شپ اورنرز کالج سے پری انجینئرنگ میں انٹرمیٹ کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا ۔ جامعہ این ای ڈی کے شعبہ سول انجینئرنگ میں داخلہ لیا اور 1996 میں بی ای کی ڈگری حاصل کی ، حافظ نعیم الرحمان نے دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ 14سال کی عمر میں قرآن کریم حفظ کیا اور1999میں اسلامک ہسٹری میں ایم اے کی ڈگری بھی حاصل کی ۔
حافظ نعیم الرحمان 1988میں اسلامی جمعیت طلبہ سے منسلک ہوئے ۔ 1993میں انہیں جامعہ این ای ڈی کا ناظم مقرر کیا گیا ۔ 1994 سے 1998 تک وہ اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم اعلیٰ رہے ۔حافظ نعیم الرحمان1998سے 2000 تک دو مرتبہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ منتخب ہوئےاورسن 2000 میں وہ جماعت اسلامی کا حصہ بن گئے ۔ حافظ نعیم الرحمان 2007سے2010 تک جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری جنرل اور سن 2010 سے2013 تک نائب امیر جماعت اسلامی کراچی کے عہدے پر فائر رہے ۔ جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ نے حافظ نعیم الرحمان کو 2013 میں امیر جماعت اسلامی کراچی منتخب کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن گزشتہ 11 سال سے مسلسل اس عہدے پر فائز ہیں۔