پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے دوست ملک نے ہاتھ بڑھا دیا۔ ترکمانستان نے پاکستان کو سستی بجلی دینے کی پیشکش کردی۔
یہ پیشکش ترکمانستان کے سفیر اتا جان مولاموف نے وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان سے ملاقات کے دوران کی۔وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کی تکمیل کے قریب ہے۔اس تجارتی معاہدے سے دونوں ممالک کو بہت زیادہ فوائد حاصل ہوں گے۔وزارت تجارت کے اعلامیے کے مطابق ترکمانستان کے سفیر نے پاکستان میں مقامی پیداوار کے مقابلے میں پاکستان کو سستی بجلی دینے کی پیشکش کی جبکہ ایل پی جی اور بجلی جیسے دوسرے توانائی کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔
ترکمانستا ن کے سفیر کی جانب سے وفاقی وزیر تجارت جام کمال کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی گئی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جام کمال خان نے کہا کہ ترکمانستان کے ساتھ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط اور تجارتی حجم میں اضافہ کیا جائے گا۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت کے لئے نئے راستوں کی تلاش اور ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدوں کے ذریعے تجارتی حجم کو بڑھانے کے حوالے سے مؤثر حکمت عملی اپنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
اس سے قبل سوموار کے روز ترکمانستان کے سفیر نے صدر آصف زرداری سے ملاقات میں پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے اور ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ اسلام آباد میں ترکمانستان کے سفیر عطاءجان موولاموف سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ تجارتی سرگرمیوں اور علاقائی روابط کو فروغ دینے میں معاون ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کی جلد تکمیل اور دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح تبادلوں کو بڑھانے کے خواہاں ہے۔ ترکمانستان کے سفیر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو جلد حتمی شکل دینا چاہتے ہیں۔