محکمہ موسمیات کی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ پنجاب بھر میں شدید دھند کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات نے جنوب مشرقی پنجاب اور مشرقی سندھ کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہےجبکہ شمال مشرقی پنجاب میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

مزید پڑھیں: لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند، موٹر ویز بند

جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں بھی ہلکی سے درمیانی دھند رہنے کا امکان ہے۔ لاہور میں دھند کے باعث فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔ متعدد پروازوں کا رخ اسلام آباد کی جانب موڑ دیا گیا جبکہ قطر ایئرلائن کی ایک پرواز لاہور میں لینڈ نہ کرسکی۔ خراب موسم کی وجہ سے دوحہ، جدہ اور ابوظہبی سے لاہور آنے والی پروازوں کو اسلام آباد اتارا گیا جبکہ مسقط سے لاہور آنے والی پرواز ایک گھنٹہ تاخیر سے پہنچی۔

مجموعی طور پر لاہور آنے والی چھ پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں اور دو منسوخ کر دی گئیں۔ اسی طرح لاہور سے روانہ ہونے والی پانچ پروازوں کو تاخیر اور دو کو منسوخی کا سامنا کرنا پڑا۔ موسم کی بہتری کے ساتھ فلائٹ آپریشن آہستہ آہستہ بحال ہو رہا ہے۔ دھند کے باعث موٹرویز کے متعدد حصے بھی بند رہے۔

موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن، ایم 3 لاہور سے جڑانوالہ، اور ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک ٹریفک کی انٹری بند کر دی گئی۔ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 کو بھی دھند کے باعث بند کر دیا گیا۔

قومی شاہراہوں پر حد نگاہ کم ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور ڈرائیورز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، اور ملتان سمیت مختلف شہروں میں دھند کا راج برقرار رہا۔ ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *