سعودی نجی ائیرلائن نے پاکستان میں سستی پروازوں کا آغاز کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی نجی ایئرلائن نے پاکستان میں کم خرچ پروازوں کا آغاز کر دیا، جس کے تحت ہفتے میں دو دن کراچی اور دو دن لاہور سے جدہ اور ریاض کے لیے پروازیں چلائی جائیں گی۔
ان بجٹ پروازوں میں کم قیمت کا فائدہ اٹھانے کے لیے مسافروں کو کھانے، اضافی سامان، اور من پسند سیٹوں کے لیے الگ ادائیگی کرنا ہوگی۔ کم لاگت والی ایئرلائنز، جنہیں لو کاسٹ کیریئر یا بجٹ ایئرلائن بھی کہا جاتا ہے، ان کا مقصد فضائی سفر کو عام افراد کے لیے قابل برداشت بنانا ہے۔
ان پروازوں میں صرف اکانومی کلاس کی سیٹیں فراہم کی جاتی ہیں اور عام طور پر یہ چھوٹے اور سستے ائیرپورٹس استعمال کرتی ہیں۔ سعودی ایئرلائن نے اپنی پہلی بجٹ پرواز 2021 میں لانچ کی تھی اور 2022 میں پاکستان میں آزمائشی حج فلائٹس کا آغاز کیا۔ اب باقاعدہ بنیاد پر ان پروازوں کو چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
تاہم سعودی بجٹ ایئرلائن کی پاکستان میں کامیابی کا انحصار کم کرایوں، فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار، حکومتی پالیسیوں اور مسافروں کے اعتماد پر ہوگا۔