لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند نے ڈیرے ڈال دیے جبکہ موٹر وے بھی متعدد مقامات سے بند ہے ، دھند کے باعث فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹر ویز متعدد مقامات سے بند ہے، ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک، ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہے۔
لاہور سے سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 کو دھند کے باعث بند رکھا گیا ، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان اور دیگر شہروں میں بھی دھند کا راج رہا، قومی شاہراہوں پر بھی حد نگاہ کم ہونے سے ڈرائیورزکو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کا کہناہے کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، دھند میں لین کی خلاف ورزی حادثات کا سبب بن سکتی ہے، روڈ یوزرز دھند میں لین ڈسپلن کو یقینی بنائیں، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں۔
علاوہ ازیں لاہور میں ایئرپورٹ پر دھند کے باعث فلائٹ آپریشن بھی متاثر رہا جس کے بعد مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، متعدد پروازوں کا رخ اسلام آباد کی جانب موڑ دیا گیا، قطر ایئرلائن کی پروازبھی لاہورنہ لینڈ کر سکی۔