پاکستان سے دبئی جانے والے پاکستانیوں کے لیے مشکلات بڑھنے کا سلسلہ جاری اوراب متحدہ عرب امارات کے ویزا مسترد ہونے کی شرح مبینہ طور پر 99 فیصد تک پہنچ گئی ہے اور پاکستانیوں پر متحدہ عرب امارات کے ویزا کے لیے کم سےکم بینک سٹیٹمنٹ کی شرط بھی عائد کر دی گئی ہے۔
ٹریول ایجنٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے سخت شرائط عائد کیے جانے کے باوجود منظور شدہ ویزوں کی تعداد میں زبردست کمی آئی ہے۔ ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان (TAAP) کے ایگزیکٹو بورڈ کے ممبر صادق صابر نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے حکام کو اب وزٹ ویزا کی درخواستوں کے لیے 10 لاکھ روپے، کنفرم ریٹرن ٹکٹ، اور ہوٹل کی بکنگ کی شرائط عائد کی ہیں۔
صادق صابر نے انکشاف کیا کہ صرف لاہور سے روزانہ 2 ہزار کے قریب ویزا درخواستیں جمع ہوتی ہیں۔ تاہم، سیکورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے، ان میں سے 99فیصد درخواستیں مسترد کر دی جاتی ہیں، جس سے درخواست دہندگان کو کافی مالی نقصان ہوتا ہے۔
مبینہ طور پر درخواست دہندگان کو 1,500 سے لے کر 2,000 درہم فی مسترد ہونے کے نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مزید برآں، ویزا درخواستوں اور ہوٹل کی بکنگ کی فیسیں ناقابل واپسی ہیں، جو ان کے مالی بوجھ کو مزید بڑھاتی ہیں۔
صادق صابر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی وزارت خارجہ اس مسئلے کو حل کرے اور متحدہ عرب امارات کا سفر کرنے کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کو درپیش مشکلات کو کم کرنے کے لیے حل تلاش کرنے کے لیے کام کرے۔