پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز(پی آئی اے)کے تمام خسارے‘ واجبات اور قرضے ہولڈنگ کمپنی کو منتقل کرکے بیلنس شیٹ کلیئر کردی گئی۔
ملکی معیشت کے لئے اچھی خبر آگئی‘پی آئی اے کے تمام خسارے، واجبات اور قرضے ختم ہوگئے ۔ نجکاری حکام نے بتایا کہ پاکستان اسٹاک ایکس چینج کو پی آئی اے کی کلیئر بیلنس شیٹ سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نجکاری سے قبل پی آئی اے کے نقصانات،قرضہ جات ہولڈنگ کمپنی میں منتقل کردئیے گئے ہیں۔ وفاقی حکومت پی آئی اے کا صرف ہوابازی شعبہ نجی تحویل میں دینا چاہتی ہے۔
نجکاری حکام نے مزید کہا کہ پی آئی اے کے51فیصدشیئرزنجی تحویل میں دیے جائیں گے جبکہ پی آئی اے کے 49 فیصد شیئرز حکومت پاکستان کی ملکیت ہوں گے۔حکام کے مطابق پی آئی اے کے اکثریتی شیئرز نجی تحویل میں جانے سے انتظامی کنٹرول بھی نجی کمپنی کا ہوگا۔ دوسری جانب پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پی آئی اے کے شیئرز کی قیمت میں 650 فیصد سے زائد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
جس کے بعد پی آئی اے کے شیئرز 27روپے سے بڑھ کر32روپے تک ٹریڈ ہوا۔پی آئی اے کی نجکاری کے معاملے پر سرمایہ کاروں کی اسٹاک مارکیٹ میں پی آئی اے کے شیئرز میں دلچسپی دیکھنے میں آئی۔پی آئی اے کے شیئرز کی قیمت میں 650فیصد سے زائد بڑا اضافہ ہوا ، مارچ کے مہینے میں پی آئی اے کے شئیرز کی قیمت میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔