بجلی قیمتوں میں 20 روپے کمی کا امکان، فارمولا تیار

بجلی قیمتوں میں 20 روپے کمی کا امکان، فارمولا تیار

پاکستان میں بجلی کے نرخوں میں کمی کا نیا امکان سامنے آیا ہے، حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں 20 روپے تک کمی کے لیے ایک نیا اور مؤثر فارمولا تیار کیا ہے، اس فیصلے کے ذریعے پاکستان کا توانائی کا نظام زیادہ مستحکم اور صارف دوست بن سکتا ہے۔

ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق پاکستانی حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں 20 روپے تک کمی کے امکان کا جائزہ لیا ہے، جس کے تحت عوام کو زیادہ سہولت ملنے کی توقع ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق مختلف اقدامات اور معاہدوں کی نظرثانی کے ذریعے یہ ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔

ایک ورکنگ پیپر کے مطابق 6 نجی پاور پلانٹس (آئی پی پیز) کے معاہدے ختم کر دیے گئے ہیں، جب کہ 14 دیگر آئی پی پیز سے بات چیت مکمل ہو چکی ہے۔ ان تمام معاہدوں کی نظرثانی سے فی یونٹ قیمت میں 9 روپے 70 پیسے تک کمی کی توقع ہے۔

حکومت نے نجی پاور پلانٹس کو ایک نیا ماڈل پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے جسے “بجلی دو، پیسے دو” کا نام دیا گیا ہے۔ اس ماڈل کے تحت کیپسٹی پیمنٹ کی رقم میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ اس وقت یہ رقم 1916 ارب روپے سالانہ ہے، جو نئے فارمولے کے تحت 967 ارب روپے تک کم ہو جائے گی۔

مزید برآں وزارت توانائی بجلی کے بلوں پر عائد 8 مختلف ٹیکسوں کو ختم کرنے پر غور کر رہی ہے، جو صارفین پر سالانہ 954 ارب روپے کا بوجھ ڈالتے ہیں۔ ان ٹیکسز کی کمی سے فی یونٹ قیمت میں 9 روپے مزید کمی ہو سکتی ہے۔ اسی طرح درآمدی کوئلے کے بجائے مقامی کوئلے کے استعمال سے بھی فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 2 روپے کی مزید کمی ہو گی۔

وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں اس بات کا اعادہ کیا کہ معیشت میں استحکام آ رہا ہے اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے آئی ایم ایف سے بھی رجوع کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعت، زراعت، اور برآمدات میں ترقی کے لیے بجلی کے نرخوں میں کمی ضروری ہے۔ وزیراعظم نے اس حوالے سے اس ہفتے مزید اجلاس بلانے کا اعلان کیا تاکہ فوری طور پر دستیاب آپشنز پر عمل درآمد کیا جا سکے۔

حکومت کے مطابق یہ اقدامات نہ صرف عوام کو ریلیف فراہم کریں گے بلکہ معیشت کی مجموعی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *