ملک بھر میں شدید سردی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں ، بالائی علاقوں میں غضب کی ٹھنڈ ہے اور پارہ نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر گیا۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے اکثر علاقوں میں موسم مزید سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں موسم کی شدت برقرار رہے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی پنجاب میں درمیانی سے شدید جبکہ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں ہلکی سے درمیانی دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے ، اس کے علاوہ کشمیر ، بالائی خیبر پختونخوا ،خطہ پوٹھوہار اوربالائی پنجاب کے بعض علاقوں میں بھی دھند کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بھی سردی کی لہر جاری ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت 8.1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران کراچی میں موسم سرد اورخشک رہنےکا امکان ہے، شہر میں کم سےکم درجہ حرارت 7 سے 9 ڈگری رہ سکتا ہے، شمال مشرق سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 9 جنوری سے سردی کی شدت میں کمی متوقع ہے، مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان میں داخل ہوگا جس سے شہر میں جاری سردی کی شدت میں کمی ہوگی، لیکن 12 جنوری سے سردی کی شدت میں پھر اضافے کا امکان ہے۔
ادھر بالائی علاقوں میں دریا، آبشاریں اور جھیلیں جم گئیں، لہہ میں پارہ منفی 10 اور کالام میں منفی 9 تک گر گیا، قلات، استور میں منفی 8، کوئٹہ، گوپس، زیارت میں منفی 7 تک آ گیا، سکردو، دروش، چترال اور ہنزہ میں پارہ منفی 4 ریکارڈ کیا گیا۔
آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا کے پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، خوراک اور ادویات کی قلت پیدا ہو گئی جبکہ قلات، وادی نیلم میں شدید بارش اور برفباری سے نظام زندگی متاثر ہو کر رہ گیا ہے۔