کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متنازع بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتےہوئے واضح کیا ہے کہ کینیڈا کبھی امریکا میں ضم نہیں ہوگا۔
ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈا ایک خودمختار اور آزاد ریاست ہے اور ہمیشہ اپنی خودمختاری پر فخر کرے گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ کینیڈا کو امریکا کی 51ویں ریاست بن جانا چاہیے اور دھمکی دی کہ کینیڈا سے درآمد کی جانے والی اشیاء پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔ کینیڈین وزیر خارجہ میلانی جولی نے بھی ٹرمپ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’کینیڈا دھمکیوں کے آگے کبھی نہیں جھکے گا اور ہماری اصل طاقت ہماری خودمختاری اور اصولوں پر قائم رہنا ہے۔‘
کنزرویٹو پارٹی کے اپوزیشن لیڈر نے بھی اس موقع پر کینیڈا کی حمایت کرتے ہوئے کہا، ’کینیڈا ایک عظیم خودمختار ملک ہے اور یہ کبھی امریکا کا حصہ نہیں بنے گا۔‘ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جسٹن ٹروڈو نے 6 جنوری کو اعلان کیا تھا کہ وہ لبرل پارٹی کے نئے قائد کے انتخاب کے بعد بطور وزیراعظم عہدہ چھوڑ دیں گے۔