جیولن تھروور ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کے اعلان کردہ پلاٹ کے علاوہ کسی نے کوئی پلاٹ نہیں دیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ہیروارشد ندیم نے نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شرکت کی، جہاں اُنہوں نے جیولن تھرو میں ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کے بعد سونے کا تمغہ جیتنے کی کامیابیوں کے بارے میں بات کی۔
پروگرام میں ارشد ندیم کے ہمراہ اُن کے کوچ سلمان اقبال بھی موجود تھے۔
پروگرام کے دوران سینئر کامیڈین اور اداکار اکرم اداس نے ارشد ندیم کی تعریف کی اور مذاق کرتے ہوئے کہا کہ اب تو آپ کے پاس کافی پلاٹس ہیں، آپ پراپرٹی کا کاروبار شروع کرلیں۔
اس بات پر پروگرام کے میزبان عمران اشرف نے ارشد ندیم سے سوال کیا کہ میں نے سنا ہے کہ آپ کو بطور انعام 20 پلاٹس ملے ہیں؟۔
اس پرارشد ندیم نے فوری طور پر جواب دیا کہ کوئی پلاٹ نہیں ملا، جو آرمی چیف نے دیا تھا، بس وہی ملا ہے۔ان کا یہ جواب سنتے ہی عمران اشرف ہکا بکا رہ گئے۔ ارشد ندیم نےمزید کہا کہ سوشل میڈیا پر کیے گئے اعلانات جھوٹے تھے۔