شیر افضل مروت نے سینیٹر افنان اللہ کو چھوٹا بھائی قرار دیدیا

شیر افضل مروت نے سینیٹر افنان اللہ کو چھوٹا بھائی قرار دیدیا

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت اور مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ خان ایک بار پھر پارلیمنٹ ہاؤس کی راہداری میں آمنے سامنے آگئے۔

تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہائوس میں شیر افضل مروت اور سینیٹر افنان اللہ کا آمنا سامنا ہوا تاہم دونوں پارلیمنٹیرنز نے خوشگوار انداز میں مصافحہ کیا اور ایک دوسرے سے بغلگیر ہوگئے۔ شیر افضل مروت نے اس دوران کہا کہ میں اور افنان اللہ سیاسی ورکرز ہیں اور ماضی میں ایک واقعہ پیش آیا تھا لیکن اب دونوں کے دلوں میں کوئی میل نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم دونوں کے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے احترام ہے اور میں انہیں چھوٹے بھائی کی طرح سمجھتا ہوں۔

مزید پڑھیں: توشہ خانہ 2 کارروائی نہیں، مزید انکوائری کا کیس ہے، عمران خان کی ضمانت منظوری کا فیصلہ جاری

ان کے جواب میں سینیٹر افنان اللہ خان نے بھی شیر افضل مروت کی بات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ میں بھی شیر افضل کی بات سے اتفاق کرتا ہوں، وہ میرے بھائی ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے سے گلے مل کر علیک سلیک کی اور بعد میں میڈیا کے سامنے اللہ حافظ کہا۔

یاد رہے کہ 2023 میں ایک ٹی وی پروگرام میں شیر افضل مروت اور سینیٹر افنان اللہ خان کے درمیان کے شدید لفظی جنگ ہوگئی جو کہ بعد میں ہاتھا پائی کی صورت اختیار کر گئی۔ اس لڑائی کا میڈیا پر کئی دن چرچارہا اور دونوں رہنمائوں پر دونوں جانب سے تنقید کی گئی ۔تاہم اب دونوں کے تعلقات میں بہتری آچکی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *