محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں سردی بڑھنے کی پیشنگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر دی، جس کے باعث عوام کو سرد موسم کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں آج مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں سرد ہوائیں چلیں گی اور پہاڑوں پر برفباری کی شدت بڑھ سکتی ہے۔
اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں بھی مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کی توقع ہےجبکہ مزید بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ مری، گلیات اور ان کے گرد و نواح میں بارش اور ہلکی برفباری کی توقع ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم سیالکوٹ، گجرات، نارووال، جہلم اور راولپنڈی میں صبح کے اوقات میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
رات کے اوقات میں گوجرانوالہ، شیخوپورہ، قصور، لاہور، اوکاڑہ، ساہیوال، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، فیصل آباد، جھنگ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، خانیوال، خانپور، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور ان کے گرد و نواح میں شدید دھند چھا جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جو سفری مشکلات کا باعث بن سکتی ہے۔ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور دیگر بالائی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی توقع ہے۔
ان علاقوں میں برفباری کی شدت کے باعث ٹریفک کے نظام میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔رات کے اوقات میں، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور، نوشہرہ، مردان، صوابی اور ان کے گرد و نواح میں بھی دھند پڑنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم آج بھی شدید سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جہاں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے جا سکتا ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے مگر کچھ علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے کی توقع کی جا رہی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جو ان علاقوں میں سرد موسم کی شدت میں مزید اضافہ کر سکتی ہے۔ موسم کی شدت کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سفر کرتے وقت دھند اور برفباری کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کریں۔