قومی احتساب بیورو کا خیبرپختونخوا کے ایم ٹی آئی ہسپتالوں کا نوٹس، کرپشن روک تھام اور بہتری کیلئے تحقیقات پر مبنی سفارشات تیار کرنے کا فیصلہ

قومی احتساب بیورو کا خیبرپختونخوا کے ایم ٹی آئی ہسپتالوں کا نوٹس، کرپشن روک تھام اور بہتری کیلئے تحقیقات پر مبنی سفارشات تیار کرنے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا کے ایم ٹی آئی ہسپتالوں میں کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق شکایات پر قومی احتساب بیورو (نیب) اسلام آباد، نیب خیبرپختونخوا کی جانب سے جمع کردہ رپورٹ کو نامکمل قرار دیتے ہوئے سفارشات کے ساتھ واپس کردیا، نیب خیبر پختونخوا نے صوبے کے ایم ٹی آئی ہسپتالوں میں ہونے والی کرپشن کی روک تھام اور علاج معالجے کو بہتر بنانے کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دیدی جو اپنی حتمی سفارشات تیار کریں گے۔

ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے صحت سے متعلق نت نئے تجربات اور ہسپتالوں میں علاج معالجے کو بہتر بنانے کے لئے ایم ٹی آئی ایکٹ نافذ کیا گیا تھا مگراس کے باوجود ہسپتالوں میں بہتری کے بجائے کرپشن کی شکایات سامنے آنے پر نیب خیبرپختونخوا نے صوبہ بھر کے ایم ٹی آئی ہسپتالوں کے ڈائریکٹرز اور بورڈ آف گورنرز کے چیئرمینز کو طلب کیا تھا لیکن تمام ہسپتالوں کے بورڈز میں چیئرمین نہ ہونے کی وجہ سےبورڈ آف گورنرز کے ممبران اورملازمین نے شرکت کی، قاضی حسین احمد ایم ٹی آئی ہسپتال کے بورڈ آف گورنر کے ممبر ڈاکٹر گل مان شاہ نے نیب حکام کو بتایا کہ سیاسی بنیادوں پر بورڈ میں غیر متعلقہ افراد کو شامل کردیا جاتا ہے جو ہسپتالوں کے نظام کوٹھیک کرنے کے بجائے مزید خراب کردیتے ہیں اس لئے بورڈ ممبران کے چنائو کیلئے بننے والی سرچ اینڈ نامنیشن کونسل کو طریقہ کار بہتر بنانا ہوگا۔

بصورت دیگر من پسند افراد کو بورڈز میں شامل کرلیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایک اور ڈاکٹر نے نیب سے سوال کیا کہ پانچ کروڑ سے زائد کی خریداری کیلئے نیب کواپنا نمائندہ کمیٹی میں شامل کرنے کے لئے مراسلے ارسال کئے جاتے ہیں مگر نیب حکام بھی عدم دلچسپی کے باعث اس میں شامل ہونے سے گریز کرتے ہیں اور بعد میں نیب کو شکایاتیں کی جاتی ہے جس پر نیب ملازمین کو کئی کئی ماہ تک خوار کردیتے ہیں۔

موجود دستاویزات کے مطابق نیب خیبر پختونخوا جولائی 2022 سے صوبے کے ایم ٹی آئی ہسپتالوں کے سسٹم پرنیب آرڈیننس 1999 کے سیکشن 33 سی کے تحت کام کررہاہے تاکہ اس نظام کو مزید شفاف بنایا جائے اور اس سے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ کئی میٹنگز بھی منعقد کئے ہیں جس کی بنیاد پر جون 2023 میں نیب ہیڈ کواٹر اسلام آباد کو رپورٹ جمع کی گئی جنہوں نے اس پر مزید کام کرنے کی سفارش کرتے ہوئے نیب خیبرپختونخوا کو رپورٹ واپس کردیا۔

نیب نے تین رکنی کمیٹی تشکیل دیدی جو صوبے کے ایم ٹی آئی ہسپتالوں کے ملازمین کے سٹرکچر، پالیسی بورڈ اور اس کے رولز، کس طرح ادویات اور بائیو میڈیکل آلات کی خریداری کی جاتی ہے، ہسپتالوں کے اندر سیکنڈ شفٹ اور صبح کے وقت ڈاکٹروں کی فیس اور دیگر ٹیسٹوں کی فیس کا پرائیوٹ ہسپتالوں کے فیسوں سے موازانہ سمیت عدالتی کیسز بڑھ جانے سے متعلق تفصیلی رپورٹ تیار کریں گے جو نیب ہیڈ کواٹراسلام آباد کو ارسال کیا جائے گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *