وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے نادرا میگا سینٹرز میں 24/7 پاسپورٹس پراسسنگ کاؤنٹرز قائم کرنے کا اعلان کیا گیا جس پر عمل درآمد شروع کردیا گیا۔
محکمہ پاسپورٹس کی جانب سے وزیر داخلہ محسن نقوی کے احکامات پر کراچی ناظم آباد اور سیمنز چورنگی سائٹ میں 10 پاسپورٹس پراسسنگ کاؤنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے مطابق نادرا میگا سینٹرز میں بنائے گئے پاسپورٹس پراسسنگ کاؤنٹرز سے شہری 24/7 مستفید ہوسکیں گے۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کاکہنا تھا کہ 24/7 پاسپورٹس پراسسنگ کاؤنٹرز کا دائرہ کار ملک بھر میں بڑھایا جا رہا ہے، اسلام آباد میں قائم دفتر پہلے ہی 24/7 کر دیا گیا ،کراچی میں عوامی مرکز اور لاہور میں گارڈن ٹاؤن کے دفاتر بھی عوام کے لیے 24 گھنٹے کھلے ہیں۔
انہوں نے مزیدکہا کہ پاسپورٹس کے اجراء میں تاخیر کا مسئلہ پوری طرح حل کر لیا گیا ہے، شہریوں کے لیے آسان پراسس اور بروقت اجراء یقینی بنایا جا رہا ہے۔