اٹک میں فتح جنگ انٹرچینج کے قریب بس الٹنے کے باعث 10افراد جاں بحق جبکہ 17 زخمی بھی ہوگئے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق ریسکیو حکام کاکہنا ہے کہ حادثہ بس کا ٹائر پھٹنے کی وجہ سے پیش آیا۔ مسافر بس میانوالی سے راولپنڈی آرہی تھی۔ زخمی ہونے والے تمام افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیاگیا۔
دوسری جانب نوشہرو فیروز میں ٹرالر اور وین میں تصادم کے باعث 6 افراد جا ن کی بازی ہار گئے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سندھ کے شہر نوشہرو فیروز میں مورو کے قریب ٹریفک کاحادثہ پیش آیا جس میں 6 افراد جان سے چلے گئےجبکہ 9 زخمی بھی ہوئے ہیں، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال ریفر کر دیا گیا ۔
حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ تمام افراد کا تعلق تگر برادری سے ہے۔ حادثے کا شکار وین شادی کی تقریب سے واپسی پر حادثہ پیش آیا۔ بہاولپور میں قومی شاہراہ پر اعظم چوک کے قریب مسافر مزدا وین الٹنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث موڑ کاٹتے پیش آیا، زخمی مسافروں کو وکٹوریہ ہسپتال پہنچا دیا گیا ۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا ہے۔ مریم نواز نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور تعزیت جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔