حکومت پاکستان نے چینی باشندوں کی فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی ہے، چینی سفیر

حکومت پاکستان نے چینی باشندوں کی فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی ہے، چینی سفیر

چین میں پاکستانی سفیر جیان ژائی ڈونگ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نے چینی باشندوں کی فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے ہمراہ دورہ داسو کے موقع پر چینی انجینئرز سے اور ماہرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس حوالے سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ بشام میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے چینی انجینئرز کی یاد میں 30سیکنڈز کی خاموشی اختیار کی گئی۔

اپنے خطاب میں چینی سفیر جیان ژائی ڈونگ نے کہا کہ حملے کے فوری بعد وزیراعظم پاکستان نے اظہار یکجہتی کیلیے چینی سفارتخانے کا دورہ کیا۔انہوں نے بتایاکہ وزیراعظم نے چینی باشندوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد کیا۔

چینی سفیر نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان نے اپنی مصروفیت کے باوجود چینی انجینئرز سے اظہار یکجہتی کیلئے داسو کا دورہ کیا ہے۔جیان ژائی ڈونگ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے چینی باشندوں کی فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی، امید ہے پاکستانی حکومت دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کیلیے مزید اقدامات کرے گی۔

اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر خطاب میں وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چینی بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلیے داسو کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا تھا کہ 26مارچ کو بشام میں افسوسناک واقعے پر چینی انجینئرز اور ورکرز سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

حکومت چینی باشندوں کے بھرپور تحفظ کو یقینی بنانے کیلیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بشام واقعہ میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزادی جائے گی، چینی دوست پاکستان کی ترقی اورخوشحال کیلیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بشام واقعہ کے پس پردہ پاکستان کے دشمن کار فرما ہیں، بشام واقعہ دہشت گردوں کا بزدلانہ فعل تھا، واقعے کا مقصد پاکستان اور چین کی غیر معمولی دوستی کو متاثر کرنا تھا، واقعے میں ملوث شرپسند عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کیلیے مشترکہ تحقیقات ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جے آئی ٹی کی سفارشات پر بلاتاخیر کارروائی کریں گے۔انکا کہنا تھا کہ واقعے پر اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس طلب کیا جس میں صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، آئندہ چند دنوں میں میری صدارت میں ایک اور اجلاس ہو گا۔وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ داسو سمیت ملک بھر میں کام کرنے والے چینی شہریوں کو بہتر سیکیورٹی فراہم کریں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *