ملک بھر میں شدید سردی، اسکردو میں پارہ منفی 18 تک گر گیا۔
اسکردو اور مضافات میں برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسکردو کے میدانی علاقوں میں 3انچ اور بالائی علاقوں میں ایک فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔
برف باری کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، میدانی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 13اور بالائی علاقوں میں منفی 18تک گر گیا ہے۔
90فیصد بالائی علاقوں کا اسکردو سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جبکہ قومی ایئرلائن کی پروازیں بھی خراب موسم کی وجہ سے منسوخ کر دی گئی ہیں، برفباری کا سلسلہ چوبیس گھنٹے تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہا۔ اس دوران شمال مشرقی پنجاب ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔
پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دُھند چھائی رہی۔ سب سے زیادہ بارش نارووال 22 ملی میٹر، لاہور (ایئرپورٹ 11، سٹی 07)، جیل روڈ 07، واسا ہیڈ آفس، لکشمی چوک 05، اپر مال 04، چوک ناخودہ، مغل پورہ، فرخ آباد 03 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
کوٹلی میں 13 ملی میٹر، راولاکوٹ میں 07 ملی میٹر، اسکردو میں 05 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اسکردو میں03 انچ برفباری ریکارڈ ہوئی۔