پاکستانی چیک پوسٹوں پر خارجیوں اور افغان طالبان کی فائرنگ، 15 دہشت گرد ہلاک، طالبان چیک پوسٹیں چھوڑ کر فرار

پاکستانی چیک پوسٹوں پر خارجیوں اور افغان طالبان کی فائرنگ، 15 دہشت گرد ہلاک، طالبان چیک پوسٹیں چھوڑ کر فرار

پاکستانی سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

ذرائع کے مطابق 27 اور 28 دسمبر کی درمیانی رات، 20 سے 25 دہشت گردوں نے افغان طالبان کی سرحدی پوسٹوں کو استعمال کرتے ہوئے کُرم اور شمالی وزیرستان کے دو مقامات سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ تاہم، پاکستانی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کی دراندازی کو ناکام بنایا۔

28 دسمبر کی صبح دہشت گردوں اور افغان طالبان نے بلا اشتعال پاکستانی سرحدی پوسٹوں پر بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کر دی۔ پاکستانی سکیورٹی فورسز نے اس حملے کا مؤثر اور طاقتور جواب دیا۔

مصدقہ ذرائع کے مطابق افغانستان کی طرف سے ابتدائی طور پر بھاری جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ مؤثر جوابی کارروائی میں 15 سے زائد دہشت گرد اور افغان طالبان ہلاک ہوئے اور متعدد زخمی ہو گئے۔ افغان طالبان جوابی کارروائی کے باعث چھ پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نے کئی بار عبوری افغان حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ فتنہ الخوارج کو پاکستانی سرزمین کے خلاف استعمال کرنے سے روکے۔

تاہم افغان طالبان ان دہشت گردوں کی حمایت کر رہے ہیں اور ان کی سرکوبی کی بجائے ان کی معاونت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ذرائع نے مزید کہا کہ فتنہ الخوارج افغانستان میں آزادانہ طور پر موجود ہیں اور پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کے لئے افغان سرزمین کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں۔ پاکستانی سکیورٹی فورسز کسی بھی قسم کی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *