وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستان میں سیاسی بیانیے کو ہائی جیک کرنے والے غیر ملکی اثر و رسوخ کو بے نقاب کیا۔
وزیر اطلاعات نے ایکس اکائونٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے درست طور پر اس بات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح ایک سیاسی جماعت کے بیانیے کو غیر ملکی اکاؤنٹس نے ہائی جیک کر لیا ہے جس کا پاکستان کے سیاسی فریم ورک سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وجہ سے مقامی قیادت بے اختیار رہ گئی ہے۔ یہ خطرناک رجحان اہم سوالات کو جنم دیتا ہے۔ آخر کار غزہ اور فلسطین پر یہ آوازیں خاموش کیوں ہیں؟
واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاک فوج کسی سیاسی جماعت اور سیاسی نظریے کے خلاف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کسی سیاسی جماعت اور سیاسی نظریے کے خلاف نہیں ہے۔
سیاسی جماعتوں میں مذاکرات اور اس پر جواب دینا انہی کا استحقاق ہے اور سیاسی جماعتوں میں مذاکرات ہونا خوش آئند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ سیاست کے لیے زہریلے پروپیگنڈے سے گمراہ کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وقت آ گیا ہے کہ سیاستدان مل بیٹھ کر بات چیت کے ذریعے اختلافات اور مسائل حل کریں اور متحد ہو کر کہیں کہ دہشتگردی پر مزید سیاست نہیں ہوگی۔