لاہور: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے امریکی صدر کے خصوصی نمائندے رچرڈ گرینل پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ رچرڈ گرینل کا عمران خان کی رہائی کے مطالبے کا مقصد کچھ اور ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں سعد رفیق نے گرینل کی پاکستان کی سیاسی صورتحال میں اچانک دلچسپی پر سوالات اٹھائے۔انہوں نے کہاکہ امریکی صدر کے خصوصی ایلچی مسٹر رچرڈ گرینل کا سویا ہوا ضمیر اچانک جاگ گیا ہے اوران پر پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت کا الزام عائد کیا۔
انہوں نے گرینل پر 2018 میں نواز شریف کی منتخب حکومت کے مبینہ خاتمے جیسے اہم واقعات کو نظرانداز کرنے کا الزام لگایا۔ سعد رفیق نے کہا کہ اس سیاسی بحران کے پیچھے پاکستان کے اداروں، عدلیہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی پارٹی کی ملی بھگت تھی جس کے نتیجے میں سیاسی انتقام اور اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریوں کا دور شروع ہوا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے مزید کہا کہ گرینل کا ضمیر فلسطینیوں کی نسل کشی اور قابض جارح یہودیوں کے کردار جیسے عالمی مسائل پر خاموش ہے۔ سعد رفیق نے کہا کہ گرینل کی توجہ انسانیت، انصاف، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کی بجائے سامراجی عزائم سے متاثر ہے۔
انہوں نے امریکی ایلچی پر پاکستان کو چین سے توڑنے اور ایران کو گھیرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کا الزام لگایا اور کہا کہ یہ جغرافیائی سیاسی حکمت عملی علاقائی اتحادوں کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے اپنے بیان کا اختتام استقامت کے پیغام پر کیا اور کہا کہ بیرونی کوششوں کے باوجود پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے محفوظ اور مضبوط رکھا ہے۔ اللہ پاک ہم سب کا حامی و ناصرہو۔