معزول شامی صدر بشار الاسد کی اہلیہ اسماالاسد کے خون کے خطرناک کینسر لیوکیمیا میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
دی ٹیلی گراف کی ایک رپورٹ میں کیے گئے دعوے کے مطابق بشار الاسد کی اہلیہ اسماالاسد کینسر کی قسم لیوکیما میں مبتلا ہیں، اس مرض میں مبتلا مریض کے موت سے بچ جانے کے چانسز 50 فیصد ہوتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مرض کی تشخیص کے بعد انفیکشن کے خطرے کو کم کرنے کیلئے اسما الاسد کو آئسولیٹ کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج کیا جارہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسما الاسد اس سے قبل 2019 میں بھی چھاتی کے سرطان کا بھی مقابلہ کرچکی ہیں تاہم ایک سال کے علاج کے بعد اسما الاسد نے خود کو کینسر فری قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ اسما الاسد نے صدر بشار الاسد سے 2000 میں شادی کی تھی، اس جوڑے کی 3 اولادیں ہیں، بشارالاسد کی اہلیہ نے ڈکٹیٹر شوہر کے دور حکومت میں عیش وعشرت بھری زندگی گزاری ہے۔
اس قسم کی بھی اطلاعات سامنے آئیں کہ معزول شامی صدر بشارالاسد کی اہلیہ اسماالاسد نے شوہر سے علیحدگی کے لیے روسی عدالت میں درخواست دائر کر دی ہے تاہم روسی حکام نے ایسی خبروں کی تردید کی ہے۔