یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ڈیلی ویجز ملازمین کے لیے ایک اہم اعلان سامنے آیا ہےجو ان کی مالی مشکلات میں کمی اور معیار زندگی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ڈیلی ویجز ملازمین کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 37 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے جب کہ یومیہ اجرت 1,427 روپے کر دی گئی ہے۔ اس سے پہلے ملازمین کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 32 ہزار روپے اور یومیہ اجرت 1,231 روپے تھی۔
اس اضافے سے ملازمین کی اجرت میں یومیہ 196 روپے تک کا نمایاں اضافہ ہوا ہے جس سے خاص طور پر میٹرک اور انڈر میٹرک ملازمین کو فائدہ پہنچے گا۔ میٹرک اور انڈر میٹرک ملازمین کی یومیہ اجرت میں 196 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔
ایف اے، ایف ایس سی، ڈی کام، اور ڈرائیورز کی یومیہ اجرت میں 115 روپے اضافہ ہوا ہے۔حکومت نے بجٹ 2024 میں کم از کم اجرت 37 ہزار روپے مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر عملدرآمد کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ وفاقی حکومت کے اس اقدام کا حصہ ہے جو ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر مزدوروں کے معاشی حالات کو بہتر بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ اجرت میں یہ اضافہ نہ صرف ملازمین کی حوصلہ افزائی کا باعث بنے گا بلکہ ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں بھی مددگار ہوگا۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں مہنگائی کے بڑھتے ہوئے دباؤ نے نچلے طبقے کے لیے زندگی کو مشکل بنا دیا تھا۔ حکومت کے اس فیصلے کو ملازمین کی طرف سے سراہا جا رہا ہےکیونکہ یہ ان کے روزمرہ اخراجات کو پورا کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی خوشحالی کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔