نومنتخب امریکی صدر کے نامزد مشیر برائے اسپیشل مشن رچرڈ گرینل نے کہا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل سے رہا کیا جانا چاہیے۔
رچرڈ گرینل نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ میتھیو ملر بھی عجیب و غریب بیان سے یہی کہنا چاہ رہے تھے کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے لیکن میں دبے الفاظ میں نہیں کھل کر کہہ رہا ہوں کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عقل وفہم رکھنے والے غیر روایتی سیاستدان، کاروباری لوگ ملک بہتر چلا سکتے ہیں، اسی لئے میں چاہتا ہوں بانی پی ٹی آئی کو جیل سے رہا کیا جائے۔
رچرڈ گرینل نے انٹرویو میں کہا کہ عمران خان پر صدرٹرمپ کی طرح کرپشن کے بہت سے جھوٹے الزامات ہیں، ان کو بھی پاکستان کی حکمران جماعت نے جیل میں ڈالا، وہ وزیراعظم کیلئے انتخاب لڑنا چاہتے ہیں تو عوام کو فیصلہ کرنے دینا چاہیے۔
نومنتخب امریکی صدر کے نامزد مشیر کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں پاکستان سے تعلقات بہت اچھے تھے، عمران خان کے بطور وزیراعظم امریکی صدر ٹرمپ سے اچھے تعلقات تھے، بانی پی ٹی آئی سسٹم سے باہر کے آدمی تھے اس لئے ٹرمپ سے تعلقات اچھے تھے، بانی پی ٹی آئی سابق کرکٹر ہیں روایتی سیاستدان نہیں اس لئے صاف بات کرتے ہیں۔
رچرڈ گرینل نے کہا کہ پاکستان میں بہت سارے معاملات کو بائیڈن انتظامیہ نے گزشتہ چار سال نظر انداز کیا اور کوئی پیشرفت نہیں کی، بائیڈن انتظامیہ بھی اب جاتے جاتے ایسے دکھانا چاہ رہی ہے جیسے انہیں بہت پرواہ ہے اور پاکستان میں معاملات پر پیشرفت چاہتی ہے۔
اس سے قبل ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں بھی انہوں نے حقیقی آزادی کا نعرہ بھی لگایا ۔