ملک بھر میں شوال کا چاند 9 اپریل کو نظر آنے کا امکان ظاہر کیا جانے لگا۔
محکمہ موسمیات نے عید الفطر کے چاند کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے چاند کی پیدائش 8 اپریل کو رات 11 بجکر 21 منٹ پر ہوگی اور 9 اپریل کو چاند کی عمر 19 سے 20 گھنٹے ہوجائیگی جبکہ غروب آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا دورانیہ 50 منٹ سے زائد ہوگا۔
ملک کے جنوبی علاقوں سمیت زیادہ تر مقامات پر 9 اپریل کو مطلع صاف رہنے کا امکان ہے جبکہ شمالی علاقوں میں مطلع ابر آلود ہو سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 9 اپریل کو چاند نظر آنے کی صورت میں عیدالفطر 10 اپریل بروز بدھ کو منائی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیرآزاد بھی سائنسی بنیاد پر رمضان کا چاند 29 کا ہونے کا امکان ظاہر کر چکے ہیں جس کے مطابق پاکستان میں عید الفطر بروز بدھ 10 اپریل کو ہو سکتی ہے۔