حکومت کی جانب سے کل بروز بدھ کے روز عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ بینک اور دیگر ادارے بھی اس روز بند رہیں گے۔
وفاقی حکومت نے 25 دسمبر کو یوم قائد اعظم کی مناسبت سے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد بینک دولت پاکستان (اسٹیٹ بینک) کی جانب سے بھی 25 دسمبر 2024ء (بروز بدھ) یوم قائد اعظم اور کرسمس کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیاہے ۔
مرکزی بینک کے تعطیل کے اعلان کی وجہ سے دیگر بینک اور مالیاتی ادارے بھی 25 دسمبر کو بند رہیں گے۔
25 دسمبر کو یوم قائد اعظم ملک بھر میں منایا جاتا ہے، اسی طرح بیرون ملک بھی پاکستانی اس دن کی مناسبت سے مختلف تقاریب اور سیمینارز کا انعقاد کرتے ہیں جس میں بابائے قوم کی قیام پاکستان کے حوالے سے ولولہ انگیز قیادت اور ان کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔
اسی طرح 25 دسمبر کو مسیحی برادری بھی کرسمس کا تہوار مناتی ہے۔
چند روز قبل ہی سندھ حکومت کی جانب سے بھی 25 دسمبر2024 کو بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کی مناسبت سے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ سندھ حکومت نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی برسی کی مناسبت سے 27 دسمبر 2024 کو بھی عام تعطیل کا اعلان کررکھا ہے، جس کے تحت صوبے بھر میں تمام سرکاری و نیم سرکاری ادارے بند جب کہ بینک اور دیگر نجی ادارے کھلے رہیں گے۔