سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریکِ انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ مینڈیٹ چور وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے شوکت کانم ہسپتال کو سیاسی بیان بازی کا نشانہ بنانا شرمناک اور قابلِ مذمت امر ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پاکستان تحریکِ انصاف شیخ وقاص اکرم نے وزیر دفاع خواجہ آصف کی پریس کانفرنس پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مینڈیٹ چور وزیرِ دفاع کی جانب سے شوکت خانم ہسپتال کو سیاسی بیان بازی کا ہدف بنان شرمناک اور قابلِ مذمت ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ شوکت خانم عوام کے عطیات سے چلنے والا عالمی معیار کا ادارہ ہے اورشہباز کابینہ کا یہ گھٹیا اور آوارہ گرد وزیر ملک کے صفِ اول کے خیراتی ادارے کو نشانہ بنا کر اپنی مجرمانہ ذہنیت آشکار کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کررہا،شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ شوکت خانم کے مالیات شفافیت اور امانت و دیانت کے اعلیٰ ترین معیار کے مطابق سنبھالے جاتے ہیں ۔
ترجمان پاکستان تحریک ِ انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ رفاہِ عامہ کے جدید ترین ادارے کے خلاف مجرموں کی ہرزہ سرائی کا جواب یہ ادارے چلانے والے عوام دیں گے، شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو منظم فساد انہوں نے ہی کیا جو آج تک قانون کی گرفت سے باہر اور ریاست کی اوٹ میں چھپ رہے ہیں۔
شیخ وقاص اکرم نے واضح کیا کہ 9 مئی کے منصوبہ ساز آج تک اس فالس فلیگ آپریشن کی آزادانہ تحقیقات سے فرار کی راہ اختیار کئے ہوئے ہیں مگر یہ فسطائی اور انکی حکومت کے وزیر بچ نہ سکیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ آئین و قانون کی دھجیاں اڑا کر سیاسی کارکنوں کو مرضی کی سزائیں سنانے سے انصاف قائم نہیں ہوسکتا۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ووٹ کی عزت سے دستبردار ہو کر اسٹیبلشمنٹ کے چپڑاسی بننے والے کیسے آئین، قانون، جمہوریت اور آزادی کیلئے ڈٹ کر کھڑے عمران خان کی قیادت پر سوال اٹھا سکتے ہیں۔
ترجمان پاکستان تحریکِ انصاف نے کہا کہ اللہ تعالی کے بعد عمران خان کی امیدوں کا محور اپنے عوام ہیں انہی کے حق حکمرانی کیلئے ظالموں کے سامنے کھڑے ہیں۔عوام ہی آئین اور جمہوریت بحال کروائیں گے اور پاکستان کو فسطائیوں کے چنگل سے نکالنے تک عمران خان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔