امریکی سفارت خانے نے انگریزی زبان کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے اور عالمی مسابقت کو بڑھانے کے لیے پاکستان میں انگریزی اساتذہ کے لیے ایک تربیتی پروگرام شروع کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں امریکی سفارتخانے میں ملک اور دنیا بھر میں انگریزی زبان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کے پیشِ نظر انگریزی زبان کے اساتذہ کے لیے تربیتی پروگرام کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے امریکی سفارتخانے کے حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد اساتذہ کو اپنی صلاحیتوں کو بڑھانے میں مدد فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے طلباء کو مؤثر طریقے سے پڑھا سکیں۔
سفارت خانے کے علاقائی انگریزی زبان کے دفتر نے پروگرام کی سربراہی کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس تربیتی پروگرام کا آغاز ضلع راولپنڈی کے اساتذہ سے ہوگا اور راولپنڈی میں میں انگریزی کے اساتذہ کو تربیتی پروگرام میں شامل کیا جائیگا۔
امریکی سفارتخانے کے حکام کے مطابق انگریزی ٹیچرز ٹریننگ سمال گرانٹس 2024 کے اقدام کا حصہ ہے ، اور اس تربیتی پروگرام سے اساتذہ کی انگریزی کی مہارت کو بہتر بنایا جائیگا اور انہیں زبان کی بہتر تعلیم فراہم کرنے کے لیے بااختیار بنانا ہے۔
ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کے تحت گزشتہ روز قائداعظم اکیڈمی میں منعقدہ پروگرام میں مرد اور خواتین اساتذہ کے ایک بڑے گروپ نے شرکت کی اورپروگرام میں شرکت کے حوالے سے آگاہ کیا۔