پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو چیمپئنز ٹرافی کے ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے 4.5 ملین ڈالر (تقریباً 38.2 کروڑ روپے) اضافی معاوضہ ملنے کی کا امکان ہے۔
سابق بھارتی کرکٹر و کمنٹیٹر آکاش چوپڑا نے انکشاف کیا اور بتایا کہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت پی سی بی کو مالی نقصان کا سامنا نہیں ہوگا۔ آئی سی سی پاکستان کو غیر جانبدار مقامات پر میچز کے انعقاد کے لیے اضافی معاوضہ دے گا، جس میں اضافی اخراجات بھی شامل ہیں۔
آکاش چوپڑا کا کہنا تھا کہ آئی سی سی پاکستان کو 4.5 ملین ڈالر فراہم کرے گا تاکہ بھارتی ٹیم کے میچز کی میزبانی کے اخراجات پورے کیے جا سکیں۔ ان کے مطابق ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان کو کوئی مالی نقصان نہیں ہوگا بلکہ پی سی بی کو اس ایونٹ سے زیادہ فائدہ حاصل ہوگا۔
آکاش چوپڑا نے مزید کہا کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان کا دورہ کرتی تو وہ ان کے لیے ایک یادگار تجربہ ہوتا کیونکہ ان کا ذاتی تجربہ بہت حیرت انگیز تھا اور پاکستانی عوام نے انہیں شاندار انداز میں خوش آمدید کہا، جو وہ کبھی نہیں بھول سکتے۔
دوسری جانب، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ممکنہ شیڈول کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ ایونٹ کا آغاز 19 فروری کو ہوگا، جس میں افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 23 فروری کو نیوٹرل وینیو پر کھیلا جائے گا جبکہ فائنل 9 مارچ کو لاہور یا کسی نیوٹرل وینیو پر ہوگا۔ ذرائع کے مطابق قومی ٹیم اپنا تیسرا میچ 27 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی جبکہ پہلے سیمی فائنل 3 مارچ اور دوسرا 4 مارچ کو ہوگا۔
ایونٹ کے فائنل کے لیے ریزرو ڈے بھی رکھا گیا ہے اور نیوٹرل وینیو کے طور پر دبئی کو فائنل کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔