عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ خرم دستگیر اور میاں جاوید لطیف کو اپنی پارٹی میں نہیں لے سکتا، خواجہ سعد رفیق چاہیں تو ان کا خیر مقدم کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ جیل جاکر عمران خان سے ملاقات کیلئے بھی تیار ہوں۔
تفصیلات کے مطابق ایک انٹریو میں سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے کنونئیر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ خرم دستگیر کوایک سال سے نواز شریف سے ملاقات کا وقت نہ ملنے کی شکایت نہیں کرنی چاہئے تھی کیونکہ ایسی باتیں پارٹی ہے اندر کرنی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ خرم دستگیر اور میاں جاوید لطیف کو پارٹی میں نہیں لوں گا البتہ خواجہ سعد رفیق کو ہم خوش آمدید کہیں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں اڈیالہ جیل جا کر عمران خان سے ملاقات کے لیے بھی تیار ہوں۔ میں ان سے کہوں گا کہ ملکی مفاد کی خاطر بیٹھیں اور بات کریں۔ انہوں نے کہاکہ میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملنے کے لیے بھی تیار ہوں۔ اس وقت کوئی ملک کے لیے نہیں سوچ رہا، سب کو اپنا اقتدار عزیز ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 8 فروری کو ملک میں جمہوری انقلاب آیا۔ لوگوں کو یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ ان کے امیدوار کا انتخابی نشان کیا ہے لیکن پھر بھی انہوں نے ڈھونڈ ڈھونڈ کر ووٹ دیا۔ عمران خان کا مستقبل عوام کے ہاتھ میں ہےاورانہیں سیاسی طور پر عوام کی حمایت حاصل ہے۔ چاہے کوئی اس کو تسلیم کرے یا نہ کرے۔