ضلع کرم میں جاری کشیدہ صورتحال کے باعث عوام کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا تھا، جس کے حل کے لیے وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر ہیلی کاپٹر سروس کا آغاز کیا گیا۔
صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے مجموعی طور پر 147 افراد کو ائیر ٹرانسپورٹ فراہم کی گئی، جن میں جرگہ ممبران، مریض، طلبہ، سرکاری عملہ اور دیگر افراد شامل تھے۔ ہیلی کاپٹر کی پہلی پرواز کے ذریعے پشاور سے 15 افراد کو پاراچنار منتقل کیا گیا، جن میں جرگہ ممبران اور سرکاری عملہ شامل تھے۔
ہیلی کاپٹر نے پاراچنار سے ٹل تک تین پروازیں کیں، جن میں 87 افراد کو ٹل منتقل کیا گیا، جبکہ ٹل سے 15 افراد کو پاراچنار منتقل کیا گیا۔ آخری پرواز کے ذریعے 30 افراد کو پاراچنار سے پشاور منتقل کیا گیا۔
گزشتہ روز پاراچنار سے 53 افراد کو پشاور منتقل کیا گیا تھا۔ گزشتہ دو دنوں میں مجموعی طور پر 200 افراد کو صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ائیر لفٹ کیا گیا۔
علاقے میں ادویات کی کمی پوری کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر سات پروازوں کے ذریعے 6 کروڑ روپے مالیت کی ادویات کرم بھیجی جا چکی ہیں۔