پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت سے مذاکرات کے لیے مطالبات کا ڈرافٹ تیار کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے 5 ہزار سے زائد سیاسی قیدیوں کی رہائی کی فہرست مرتب کی ہے، جس میں پارٹی کے بانی عمران خان کا نام سرفہرست رکھا گیا ہے۔
ڈرافٹ کے مطابق پی ٹی آئی سیاسی قیدیوں کی رہائی اور 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کے 3 سینئر ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کرے گی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی تجویز پر پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے حکومتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
اس کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ، سینیٹر عرفان صدیقی، راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر، خالد مقبول صدیقی، عبدالعلیم خان، چوہدری سالک حسین اور خالد مگسی شامل ہیں۔
جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مذاکراتی ٹیم میں عمر ایوب خان، علی امین گنڈاپور، سلمان اکرم راجہ، اسد قیصر، حامد رضا، حامد خان اور علامہ راجہ ناصر عباس شامل ہیں۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مذاکرات کی کامیابی کی امید ظاہر کی ہے۔