سینئر صحافی و تجزیہ کار عمران ریاض خان نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو ایک نئی پیشکش کی گئی ہے۔
اپنے یوٹیوب ویلاگ میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان کو یہ پیشکش دی گئی ہے کہ اگر وہ حکومت گرانے کی کوشش نہ کریں اور کوئی تحریک نہ چلائیں، تو انہیں جیل سے رہائی مل سکتی ہے۔
عمران ریاض خان کاکہنا ہے کہ اس پیشکش کے تحت عمران خان کے ساتھیوں کو بھی رہائی ملنے کا امکان ہے، لیکن اس صورت میں انہیں وہی صورتحال دوبارہ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ عمران خان نے اس بات کو سمجھا ہے کہ اس وقت حکومت بہت جلدی میں ہے، حالانکہ ملک میں نہ تو انتخابات ہیں، نہ کوئی بجٹ پیش ہونے والا ہے اور نہ ہی جنگی حالات ہیں۔
عمران ریاض خان نے مزید کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد یہ معاملہ عالمی سطح پر زیر بحث آ چکا ہے، اور اس پر امریکہ میں نئی حکومت اور اس کے عہدیدار بھی بات کر رہے ہیں۔ اس دباؤ کے باعث حکومت اور اسٹیبلشمنٹ چاہتے ہیں کہ عمران خان مذاکرات کریں، مگر وہ اپنے اصولوں پر سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے لیے ایک اور فائدہ یہ ہوا ہے کہ اب پاکستانیوں کی آواز امریکی سیاست میں پہنچنا آسان ہو گیا ہے، خاص طور پر ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں جیسے رچرڈ گرینل کے ذریعے اب وہاں تک رسائی ممکن ہو گئی ہے۔