لاہور میں شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی کروانا کئی معاملات میں ضروری سمجھا جاتا ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ عمل آپ کی شناختی معلومات کو کس حد تک خطرے میں ڈال سکتا ہے؟
نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے پروگرام “سرِ عام” کی ٹیم نے ایک تہلکہ خیز انکشاف کیا۔ ٹیم نے لاہور کچہری کے قریب فوٹو اسٹیٹ کی دکانوں سے شناختی کارڈ کی سینکڑوں کاپیاں خرید لیں۔ اس دھوکہ دہی کو بے نقاب کرنے کے لیے ٹیم نے گاہک کے طور پر ایک دکاندار سے رابطہ کیا اور اس سے معقول رقم کے بدلے شناختی کارڈ کی کاپیاں حاصل کرنے کا سودا کیا۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ کچھ دکاندار شناختی کارڈ کی ایک اضافی کاپی اپنے پاس محفوظ رکھتے ہیں تاکہ بعد میں انہیں مناسب قیمت پر فروخت کیا جا سکے۔ اسی طرح، آصف نامی ایک اور دکاندار نے بھی شناختی کارڈ بیچنے پر رضامندی ظاہر کی اور ٹیم کو ایک اور دکاندار کے پاس بھیج دیا، جہاں سودا طے پایا۔
ٹیم سرِ عام کی تحقیقات کے دوران دونوں دکانداروں نے فوری طور پر اپنے جرم کا اعتراف کیا اور شرمندگی کا اظہار کیا۔ آصف نے یہ بھی بتایا کہ اس کے چچا بھی اسی طرح شناختی کارڈ کی کاپیاں فروخت کرتے تھے۔