پی ٹی آئی نے فواد چوہدری سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔
چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر باقاعدہ بیان جاری کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف جناب عمران خان سے ہمارے وکلاء کی ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال، پارٹی امور اور آئندہ کے لائحۂ عمل پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے جماعتی سرگرمیوں اور آئندہ کے لائحۂ عمل کے حوالے سے بذریعہ وکلاء آج خصوصی احکامات دیےاور جماعت سے علیحدگی کا اعلان کرنے والے فواد چوہدری سے اعلانیہ لاتعلقی کے اظہار کی ہدایات دیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ہدایات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری سے مکمل طور پر لاتعلقی کا اعلان کرتی ہے اور واضح کرتی ہے کہ چوہدری فواد حسین کا پاکستان تحریک انصاف سے ہرگز کوئی تعلق نہیں ہے۔
نہ ہی وہ میڈیا، سوشل میڈیا اور ٹی وی ٹاک شوز پر پاکستان تحریک انصاف کی نمائندگی کرنے یا پاکستان تحریک انصاف کی ایماء پر بیانیہ بنانے یا اپنی کسی رائے کو پاکستان تحریک انصاف کے مؤقف کے طور پر پیش کرنے کے مجاز ہیں۔