راولپنڈی: پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی (پیس) نے 9 مئی کے 25 ملزمان کو ملٹری کورٹ سے سزائیں سنائے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے انصاف کی فراہمی میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
پیس کے چیف آرگنائزر عزیز احمد اعوان نے کہا کہ مکمل انصاف اس وقت تک نہیں ہوگا جب تک 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سازوں کو آئین و قانون کے مطابق سزائیں نہیں دی جاتیں۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کو ماسٹر مائینڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ 9 مئی کے سانحہ کے ذمہ دار ہیں اور ان کے خلاف فوجی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے تاکہ سخت سے سخت سزا دی جا سکے۔
عزیز احمد اعوان نے سپریم کورٹ آف پاکستان کا شکریہ ادا کیا کہ اس کے عارضی اجازت نامے کے فیصلے سے شہداء کی فیملیوں کو تسلی ہوئی، جنہیں اس واقعے سے دل آزاری ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں سے 9 مئی پر کیا جانے والا انصاف نفرت، تقسیم اور بے بنیاد پروپیگنڈے کی نفی کرتا ہے۔
عزیز احمد اعوان نے مزید کہا کہ 9 مئی کو ملزمان نے مفاد پرستوں کے ہاتھوں استعمال ہو کر ریاست پر حملہ کیا، افواج پاکستان اور عوام کو آپس میں لڑانے کی سازش کی، اور ایئر فورس سمیت اہم ترین مقامات پر حملہ کرنے کی کوششیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک واقعات ملکی تاریخ کا سیاہ باب شمار ہوں گے۔
پیس کے چیف آرگنائزر نے کہا کہ پاک فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے کے ذریعے ملک میں بغاوت کی فضاء پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے 9 مئی کے سانحہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ 9 مئی کے تمام ملزمان کے ٹرائل جلد از جلد مکمل کر کے ان کو سزائیں دی جائیں۔