پاکستان کے معروف صحافی ارشاد بھٹی کی سابقہ اداکارہ سما راج کے ساتھ دوسری شادی آج کل سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے، ارشاد بھٹی نے پہلی بیوی کے کینسر کے باعث انتقال کے بعد اپنی دوسری شادی کے پیچھے چھپی جذباتی وجہ مداحوں کے ساتھ شیئر کردی۔
ارشاد بھٹی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ آج مجھے اپنی دوسری شادی کی بات کرنی ہے کیونکہ لوگ مجھے میرے فیصلے پر مبارکباد دے رہے تھے، اللہ میری بیوی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، میں نے آج تک اپنے بچوں کی تصویریں شیئر نہیں کیں کیونکہ میری پہلی بیوی کبھی نہیں چاہتی تھی کہ وہ پبلک میں ہوں ، ہم سہیل وڑائچ کے شو میں کبھی نظر نہیں آئے۔
ان کاکہنا تھا کہ میرے لیےدوسری شادی کا فیصلہ کرنا مشکل اور ناگزیر تھا، جب میری پہلی بیوی کا انتقال ہو گیا تو میں نے اس کی موت سے متعدد رشتے کھو دیے، میں نے اپنے دوست، اپنے بچوں کی ماں، اپنی محبت، بہترین دوست، اور ایک مثبت شخص کو کھو دیا جو میرے لیے ہر وقت دعا کرتا تھا، میرے بچے چھوٹے تھے، بچپن میں میرے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا، میرا بچپن ماں کے بغیر بہت مشکل گزرا او میں نہیں چاہتا تھا کہ میرے بچے بھی میری طرح تکلیف میں رہ کر زندگی گزاریں۔
ارشاد بھٹی کاکہنا تھا کہ ہمارے گھر کو ایک کیئر ٹیکر کی ضرورت تھی، سما راج ہماری بہترین دوست تھی، حالانکہ میں نے اس سے شادی کرنے کا کبھی نہیں سوچا تھا کیونکہ وہ صرف میری ایک ساتھی اور دوست تھی، لیکن وہ ہر مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑی رہی، میرے بچوں نے اس کے ساتھ وقت گزارا اور وہ اس کے ساتھ کافی مطمین تھے۔
سوشل میڈیا پر مداح ارشاد بھٹی کے دوبارہ شادی کے فیصلے کو پسند کررہے ہیں اور ان کے لیے دعاگو ہیں ۔
یادرہے کہ ارشاد بھٹی کا نام ایک مشہور پاکستانی صحافی اور اینکر پرسن کی حیثیت سے جانا جاتا ہے، انکے روزمرہ کے کرنٹ افیئر کے بلاگز کو سامعین کی ایک بڑی تعداد دیکھتی ہے، صحافی ایک سے زیادہ پرائم ٹائم ٹاک شوز میں بطور تجزیہ کار حصہ لیتے رہے ہیں۔