پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی خاتون رہنما عالیہ حمزہ کی حفاظتی ضمانت میں 14 جنوری 2024 تک توسیع کرتے ہوئےکسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیدیا۔
پشاور ہائیکورٹ کےجسٹس ارشد علی اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ درخواست گزار کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عالیہ حمزہ کے خلاف مختلف صوبوں میں کئی مقدمات درج ہیں، جن میں سے کچھ کا انہیں علم نہیں ہے۔
عالیہ حمزہ نے عدالت کو بتایا کہ وہ پنجاب اور بلوچستان کی متعدد عدالتوں میں پیش ہو رہی ہیں اور اپنے خلاف کچھ کیسز کے بارے میں آگاہ ہیں اورکچھ ایسے مقدمات ہیں جن کے بارے میں علم نہیں۔ انہوں نےمزید کہا کہ وہ 15 ماہ تک جیل میں گزار چکی ہیں اور ان کے خلاف کیسز بنائے گئے ہیں جن کی حقیقت سے وہ بے خبر ہیں۔
اس پر جسٹس ارشد علی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت وفاقی سطح پر مقدمات کی تفصیلات طلب کر سکتی ہےتاہم صوبوں کی تفصیلات کے لیے درخواست گزار کو متعلقہ عدالتوں سے رجوع کرنا ہوگا۔
عدالت نے عالیہ حمزہ کی حفاظتی ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے کسی بھی درج مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کیا۔