امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت بجلی کی قیمتیں کم کرے ورنہ جماعت اسلامی ملک گیر احتجاج کرے گی۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصورہ آکر جماعت اسلامی کی قیادت کوآئی پی پیز معاہدوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔ ہم نے انہیں واضح طور پر بتادیا ہے کہ عوام کو ریلیف نہ ملا تو جماعت اسلامی کے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری اور امیر ضلع محبوب الزماں بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
امیر جماعت اسلامی نےبتایا کہ جماعت اسلامی پورے ملک میں عوامی کمیٹیاں تشکیل دے رہی ہے اور عوامی حقوق کے لیے بھرپور جدوجہد کا آغاز کرے گی۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ اس کے پاس ابھی وقت ہے کہ وہ بجلی کے ٹیرف میں کمی کرےورنہ عوامی تحریک مزید شدت اختیار کرے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ جس دن گیس کی قیمتوں میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا، اسی دن پنجاب اسمبلی کے ممبران نے اپنی تنخواہوں میں ہزار فیصد تک اضافہ کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اشرافیہ اپنے مفادات کے لیے مراعات کم کرنے کے بجائے مزید اضافہ کر رہی ہےجبکہ دوسری طرف عوام پر ظلم و ستم ڈھایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کی صورت حال کے بارے میں گمراہ کن اعدادوشمار پیش کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معیشت میں بہتری اس وقت ممکن ہے جب تنخواہ دار طبقے پر عائد ظالمانہ ٹیکسز، اشیاء خورونوش، پٹرولیم لیوی، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ جاگیرداروں پر ٹیکس عائد کیا جائے اور چھوٹے کسانوں کو ریلیف دیا جائے۔ اس کے علاوہ شوگر مافیا بھی ایکٹو ہو چکا ہے، جب گنے کی فصل کی تیاری شروع ہوئی ہے۔