آئی سی سی نے پاکستان کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں شاندار بیٹنگ کرنے والے جنوبی افریقی بیٹر ہینرک کلاسن پر جرمانہ عائد کر دیا۔
جمعرات کو کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے تین میچز کی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 81 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔
پاکستان نے 49.5 اوورز میں 329 رنز بنائے، جس میں بابر اعظم نے 73، کپتان محمد رضوان نے 80 اور کامران غلام نے 63 رنز کی اہم اننگز کھیلیں۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم 330 رنز کے تعاقب میں 248 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ ہینرک کلاسن 74 گیندوں پر 97 رنز کے ساتھ اننگز کے آخری بیٹر کے طور پر آؤٹ ہوئے۔
کلاسن نے نسیم شاہ کی گیند پر چھکا مارنے کی کوشش میں آؤٹ ہونے کے بعد غصے میں آ کر اسٹمپ کو لات مار دی، جس پر آئی سی سی نے ان پر جرمانہ عائد کر دیا۔
آئی سی سی کے مطابق کلاسن پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا اور انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا۔آئی سی سی کا کہنا تھا کہ کلاسن کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا ہے اور انہوں نے کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول ون کی خلاف ورزی کی۔