وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے ایف بی آر میں 18 اضافی آسامیاں تخلیق کردی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے ایف بی آر ان لینڈ ریونیو سروس میں گریڈ 17 اور اس سے اوپر کی اضافی آسامیاں تخلیق کی گئی ہیں، وزارت خزانہ کے فیصلے کے بعد ایف بی آر نے ان لینڈ ریونیو سروس کی آسامیوں پر نظرثانی کردی ہے جس کے بعد ان لینڈ ریونیو سروس کیڈر کی نظرثانی شدہ آسامیاں 1293 ہوگئی ہیں۔
واضح رہے کہ موجودہ حکومت میں وفاقی کابینہ نے نئی آسامیوں کی تخلیق پر پابندی عائد کررکھی ہے، کابینہ نے گزشتہ تین سال سے خالی تمام آسامیوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ خیبر پختونخوا حکومت نے کوٹے کی بنیاد پر سرکاری بھرتیاں ختم کردی تھیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا کے اہل خانہ پر فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا ، چیف سیکرٹری نے تمام سرکاری محکموں کو مراسلہ جاری کیا تھا ۔
جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا اب تمام بھرتیاں اوپن میرٹ پر کی جائیں گی، احکامات سپریم کورٹ کے فیصلے کے تناظر میں جاری کیے گئے ہیں، آئندہ تمام سرکاری ملازمین کی تقرریاں صرف اوپن اشتہار اور میرٹ کی بنیاد پر ہوں گی۔