سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخواہ کے مختلف علاقوں میں تین علیحدہ آپریشنز کے دوران گیارہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیے گئے تھے۔پہلا آپریشن ضلع ٹانک میں کیا گیا جہاں سیکیورٹی فورسز کو خوارج کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مؤثر کارروائی کی جس کے نتیجے میں سات خوارج ہلاک ہوگئے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے پر حملہ کیا گیا اور ان کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
دوسرا آپریشن شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کیا گیا۔ اس آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر حملہ کیا، جس کے دوران دو خوارج ہلاک ہو گئے۔ فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس میں دہشت گردوں کا صفایا کر دیا گیا۔
تیسرا آپریشن ضلع مہمند کے علاقے مامد گٹ میں کیا گیا، جہاں فورسز نے دہشت گردوں کے ساتھ شدید لڑائی کی۔ اس آپریشن میں دو خوارج مارے گئے اور ان سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مارے گئے خوارج دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف بھی متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔ فورسز کا کہنا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کو بھی ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن کا عمل جاری ہے۔ اس عمل میں علاقے کے تمام مشتبہ ٹھکانوں کی تلاشی لی جا رہی ہے تاکہ دہشت گردوں کی موجودگی کا خاتمہ کیا جا سکے۔پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ وہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے اپنی جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔