ملک بھر میں قدرتی گیس کی فراہمی میں کمی کے باعث ایل پی جی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ایل پی جی ڈیلرز اور سیلرز نے از خود ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔ خود ساختہ اضافے کے بعد ایل پی جی کی قیمت 300 سے 315 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی کی قیمت میں 10 سے 15 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ۔ایل پی جی کی قیمت میں اضافے سے صارفین کی زندگی پر بوجھ بڑھ گیا ہے۔
ایل پی جی کی قیمتوں میںاضافے کے باعث اس کاروبار سے منسلک افراد روزانہ کی بنیاد پر کروڑوں روپے ناجائز منافع کما رہے ہیں، جس سے عوام کو مزید مشکلات کا سامنا ہے۔
صارفین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں بے جا اضافے پر فوری قابو پایا جائے تاکہ عوام کو اس اضافی مالی بوجھ سے بچایا جا سکے اور قیمتوں کو کنٹرول کیا جا سکے۔