2025 سے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسافروں کے لیے برطانیہ اور یورپی یونین کے ممالک کے سفر کے لیے آن لائن پرمٹ حاصل کرنا ضروری ہو گا۔
اب برطانیہ اور یورپی یونین کے ممالک میں داخل ہونے سے پہلے مسافروں کو آن لائن اجازت نامہ حاصل کرانا ہوگا اور اس کے لیے رجسٹریشن کی ضرورت ہو گی۔رپورٹ کے مطابق برطانیہ اور یورپی یونین کے کئی ممالک کے سفر کے لیے اب مسافروں کو چاہے ان کا مقصد ٹرانزٹ ہو یا مکمل قیام، آن لائن اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہو گا۔
8 جنوری 2025 سے امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا اور دیگر غیر یورپی ممالک کے زائرین کو بھی برطانیہ میں داخلے کے لیے الیکٹرانک ٹریول اتھارٹی (ای ٹی اے) حاصل کرنا ہوگا، حالانکہ وہ ابھی تک برطانیہ میں مختصر قیام کے لیے ویزا کی ضرورت نہیں رکھتے۔
ای ٹی اے کے حصول کے لیے مسافروں کو ایک آن لائن فارم بھرنا ہوگا اور 10 پاؤنڈ (تقریباً پونے تیرہ امریکی ڈالر) کی فیس ادا کرنا ہوگی۔ درخواست دہندگان کو چند گھنٹوں میں نتائج مل جائیں گے لیکن کچھ کیسز میں تین کاروباری دن بھی لگ سکتے ہیں۔ یہ اجازت نامہ چھ ماہ تک کے قیام کے لیے کئی بار داخلے کے لیے کافی ہوگا اور دو سال تک یا پاسپورٹ کی میعاد ختم ہونے تک درست رہے گا۔
2025 کے اپریل سے یورپی یونین کے شہریوں کے لیے بھی برطانیہ میں داخل ہونے سے پہلے ای ٹی اے حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ تاہم برطانیہ، آئرلینڈ کے شہری اور برطانیہ کے ویزا رکھنے والے افراد اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔
برطانیہ کے ہوم آفس کا کہنا ہے کہ یہ ای ٹی اے سکیم کی توسیع کا مقصد برطانیہ میں داخلے سے قبل مسافروں کی اہلیت کو یقینی بنانا اور ایک منظم طریقے سے سفر کو ممکن بنانا ہے۔ اس کے علاوہ اس اقدام کا مقصد سکیورٹی بڑھانے اور مسافروں کی نقل و حرکت کو بہتر طریقے سے ٹریک کرنا بھی ہے۔