اسلام آباد:پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن نے میڈیا کی بعض رپورٹس میں وی پی این (ویئرلیس پرائیویٹ نیٹ ورک) کے حوالے سے غلط تاثر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی اے کا وی پی این بلاک کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی پی ٹی اے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ آج تک پی ٹی اے نے کوئی وی پی این بلاک نہیں کیا اور اس حوالے سے میڈیا میں جو خبریں نشر ہو رہی ہیں، وہ درست نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض میڈیا رپورٹس میں یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ پی ٹی اے سکیورٹی کے حوالے سے اس قسم کے اقدامات کر رہا ہے، حالانکہ ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔
حفیظ الرحمن نے اس بات پر زور دیا کہ پی ٹی اے کا نیشنل سیکورٹی کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اگر کسی بھی سیکیورٹی وجہ سے موبائل سروسز بند کی جاتی ہیں تو پی ٹی اے اس کا ذمہ دار نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی اے صرف ٹیلی کمیونیکیشن کے حوالے سے اپنے دائرہ کار میں کام کرتا ہے اور نیشنل سیکورٹی کے معاملات میں مداخلت کا اس کو کوئی اختیار نہیں ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ میڈیا کی بعض رپورٹس میں اس حوالے سے غلط فہمیاں پیدا ہو رہی ہیں اور اس لیے ان کی درست تفصیلات عوام تک پہنچانا ضروری ہے تاکہ لوگوں میں کسی قسم کی غلط معلومات نہ پھیلیں۔